بھارت میں تابکاری مواد چوری، پاکستان کا گہری تشویش کا اظہار  

Radiation theft in India, Pakistan expresses deep concern
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں تابکاری مواد کی چوری اور غیر قانونی فروخت کی نئی اطلاعات پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔

ذرائع ابلاغ کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا یہ عالمی برادری کیلئے انتہائی تشویش ناک معاملہ ہے کہ یورینیم جیسا انتہائی قیمتی اور محفوظ تابکاری مواد بھی چوری کیا جا سکتا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے مسلسل واقعات سے بھارت میں ایسے مواد کیلئے بلیک مارکیٹ کی ممکنہ موجودگی اور نیو کلیئر اور دیگر تابکاری مواد کی حفاظت اور سیکورٹی سے متعلق تشویشناک صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تازہ ترین واقعے سے بھارت میں درآمدی تابکاری مواد کے حفاظتی انتظامات میں موجود نقائص ظاہر ہوتے ہیں۔

ترجمان نے پاکستان کے اس مطالبے کااعادہ کیاکہ اس صورتحال سے بچنے کیلئے مکمل تحقیقات اور مناسب اقدامات کئے جائیں۔بھارت میں گزشتہ چارماہ کے دوران یہ اس طرح کاتیسراواقعہ ہے۔