نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی منظوری دیدی

نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے دورہ پاکستان کی منظوری دیدی
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دورہ پاکستان کی منظوری دیدی ہے جس کا آغاز 17 ستمبر ہو گا۔ 
نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی کرکٹ ٹیموں کے دورے سے قبل انتظامات کیلئے سیکیورٹی ماہرین ریگ ڈیکاسن اور ڈیوڈ سینئر نے لاہور اور راولپنڈی کا دورہ کیا جس کے بعد انہوں نے پاکستان میں سیکیورٹی سمیت تمام صورتحال کی رپورٹ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھیجی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے اپنے سیکیورٹی ماہرین کی رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور ڈھاکہ میں موجود کیوی کپتان ٹام لیتھم کو آگاہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی منظوری دیدی ہے۔ 
نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان ٹام لیتھم نے ڈھاکہ سے بیان میں کہا کہ انہیں رگ ڈیکاسن کی رپورٹ پر یقین ہے، وہ نیوزی لینڈ کیلئے طویل عرصے سے کام کر رہے ہیں، ریگ ڈیکاسن راولپنڈی میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو جوائن کریں گے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی 11 ستمبر کو راولپنڈی میں آمد شیڈول ہے جبکہ پاک نیوزی لینڈ کرکٹ سیریز کا آغاز 17 ستمبر سے ہو گا جس دوران ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 سیریز کھیلی جائیں گی۔