حکومت دھاندلی کے جو پروگرام بنارہی ہے اس سے باز رہے: ایاز صادق

PTI government, rigging, Cantonment board elections, Ayaz Sadiq, PML-N

لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ ہمیں ہار اور جیت سے ڈر نہیں ، کینٹ سمیت دیگر حلقوں سے بھی کامیاب ہوں گے ۔ حکومت دھاندلی کے جو پروگرام بنارہی ہے اس سے باز رہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ حکومت کے ستائے لوگ اس وقت معافی مانگ رہے ہیں وہ پی ٹی آئی کو ووٹ نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سعد رفیق کے حلقہ میں 15 وارڈ ، میرے اور سلمان رفیق کے حلقہ میں 5 ، 5 وارڈ ہیں ۔

لیگی رہنما نے مزید کہا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے ۔ دواؤں کی قیمتوں میں 500 گنا اضافہ ہوچکا ہے ۔ پورے ملک سمیت پنجاب میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے ۔ لوگ اس وقت پریشان ہیں وہ یوٹیلٹی بلز دیں یا اپنے بچوں کیلئے کھانے کا بندوبست کریں ۔

اس سے قبل خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ حکومت کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن کو پرامن رہنے دے اسے پرتشدد نہ بنائے ۔ اطلاعات ملی ہیں لاہور ، گوجرانوالہ ، نوشہرہ ، ملتان ، سیالکوٹ ، راولپنڈی کینٹ میں دھاندلی ہوگی ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ والٹن میں حکومت ترقیاتی کام ضرور کرے مگر الیکشن کے بعد کرے ۔ پی ٹی آئی امیدواروں کے ڈیروں پر لوگوں کے شناختی کارڈ نہ بنائے جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ امیدواروں سے پبلسٹی مٹیریل کے نام پر جو پیسے مانگے جا رہے ہیں وہ غلط بات ہے ۔ سرکاری پارٹی ووٹوں کی خرید و فروخت کا دھندا بند کرے ۔

رکن قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعلیٰ ہاؤس ، گورنر ہاؤس اور دیگر جگہوں پر حکومت کی میٹنگ ہوئی ، وزیراعلیٰ پنجاب نے پولیس کو احکامات جاری کئے جو ہم تک پہنچ چکے ہیں ۔ عوامی مینڈیٹ کو چوری کرنے کی پھر سازش تیار کرلی گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ امیدوار اپنے حلقے میں ہر جگہ ووٹ نہیں مانگ سکتا ، کہا گیا جس امیدوار نے پینافلیکس لگانے ہیں وہ ایک لاکھ روپے جمع کرائیں ۔ کنٹونمنٹ بورڈ میں میٹنگ ہوئی ، تمام امیدواروں کو وہاں بلایا گیا ۔ اگر حکومت نے یہ معاملہ نہ روکا تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔

لیگی رہنما نے کہا کہ سی سی پی او پکڑ دھکڑ کے معاملے سے گریز کریں ۔ ہماری الیکشن لڑنے کی تیاری مکمل ہے ، ہمیں کسی ردعمل پر مجبور نہ کریں ۔ ریٹرننگ افسر کو پابند کیا جائے وہ قانون کے دائرے میں رہ کر اپنی ڈیوٹی کریں ۔

سعد رفیق نے کہا کہ جہاں سرکاری وسائل کا استعمال ہو رہا ہے الیکشن کمیشن اسے روکے ۔ حکومت پہلے ہی بارود کے ڈھیر پر بیٹھی ہے ، وہ اسے چنگاری نہ دکھائے ۔ کسی بھی طرح کی دھاندلی پر فوری ردعمل دیں گے ۔ سیالکوٹ والی غلطی کو لاہور میں نہ دہرایا جائے ، ورنہ نقصان ہوگا ۔ ہماری تیاری پوری ہے ، کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔