افغانستان میں آج لڑنےوالےگروہ ملکی مفادات کےخلاف ہیں،طالبان ترجمان 

Afghanistan,Kabul,US Forces,Afghan Peace Process,Zabihullah Mujahid,31 August

کابل :امریکی فوج کا انخلا مکمل ہوتے ہی طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آزادی حاصل کر لی ہے ،اب ملک کے روشن مستقبل کیلئے عوام متحدہ ہو جائیں ۔

افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجا ہد نے امریکی انخلا کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے جانے کے بعد ہمیں نئے چیلنجز در پیش ہیں جس کا ہم سب نے مل کر مقابلہ کرنا ہے ۔

ذبیح اللہ مجاہد نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا آج ملک کے اندر لڑنے والے گروہ ملکی مفادات کیخلاف ہیں ،ایسے تمام گروہوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیں اور اپنے ملک افغانستان کی تعمیر و ترقی میں آگے بڑھ کر حصہ لینا چاہیے ،یہ وقت اندرونی اختلافات کا نہیں بلکہ متحد ہونے کا ہے ۔

انہوں نے کہا تمام افغان ملک اور مذہب کیلئے متحد ہوں کیونکہ ملک کے روشن مستقبل کیلئے افغان عوام کا متحد ہونا ہی بہت ضروری ہے ۔

اس سے قبل کابل ائیرپورٹ پر امریکہ کی آخری پرواز کے بعد ذبیح اللہ مجاہد نے دنیا کو پیغام دیتے ہوئے کہ امریکہ کی شکست سے سبق سیکھنا چاہیے ، انہوں نے کہا کہ افغان عوام امریکا کیخلاف 20 سالہ اس طویل جنگ میں فتح کے بعد مبارکباد کے مستحق ہیں، میں اس موقع پر اپنے ملک کو مبارک پیش کرتا ہوں۔