عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کیلئے سیکیورٹی آرڈر جاری

عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کیلئے سیکیورٹی آرڈر جاری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کیلئے سیکیورٹی آرڈر جاری کر دئیے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر ایک ہزار چھوٹے رینک کے افسران اور اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ 3 ایس پیز، 9 اے ایس پیز اور ڈی ایس پیز سیکیورٹی پر معمور ہوں گے۔
سیکورٹی آرڈر کے مطابق مجموعی طور پر ہائیکورٹ کے باہر سیکیورٹی کی ذمہ داری ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کی ہو گی۔ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے ہائیکورٹ کے گرد مانیٹرنگ کی جائے گی اور عدالت کے اندر حفاظتی انتظامات کی ذمہ داری سیکورٹی ڈویژن کی ہو گی جبکہ روف ٹاپ کے علاوہ تمام افسران اور اہلکار غیر مسلح ہوں گے۔ 
سیکیورٹی آرڈر کے مطابق ڈیوٹی پر تعینات کوئی بھی اہلکار موبائل فون استعمال نہیں کرے گا جبکہ وائرلیس کا استعمال ڈیوٹی کیلئے ہو گا غیر ضروری استعمال پر محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ عمران خان کی کی پیشی کے دوران ہائیکورٹ کے گرد خار دار تاریں لگا کر بند کیا جائے گا۔ 
سیکیورٹی میں مزید کہا گیا ہے کہ 500 شارٹ رینج اور 500 لانگ رینج آنسو گیس شیل اور شیلنگ والی بکتر بند گاڑی موجود ہو گی جبکہ پولیس لائنز میں تین ہزار شیل اور گاڑیاں تیار کھڑی ہوں گی اور ہائیکورٹ کے احاطے میں کاز لسٹ والے وکلا ہی داخل ہو سکیں گے۔

مصنف کے بارے میں