بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4.34 روپے اضافے کی منظوری

بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 4.34 روپے اضافے کی منظوری

اسلام آباد: حکومت نے مہنگائی کے ستائے عوام پر ایک بار پھر بجلی بم گرا دیا ہے اور نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 34 پیسے اضافے کی منظوری دیدی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے بجلی کی قیمتوں میں 4 روپے 69 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست دائر کی تھی جسے نیپرا نے منظور کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں 4 روپے 34 پیسے کا اضافہ کردیا۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کی منظوری جولائی کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں دی گئی ہے جبکہ بجلی کی قیمت میں اس اضافے سے صارفین پر 35 ارب روپے سے زائد کا بوجھ پڑے گا۔
سی پی پی اے کے مطابق گزشتہ ماہ پانی سے 35.17 فیصد، کوئلے سے 12.74 فیصد بجلی پیدا کی گئی، ڈیزل سے 1.46 فیصد، فرنس آئل سے 6.42 فیصد، مقامی گیس سے 10.36 فیصد اور درآمدی ایل این جی سے 14.98 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔
سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ڈیزل سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 27.88 روپے فی یونٹ، فرنس آئل سے 35.69 روپے اور ایل این جی سے پیدا ہونے والی بجلی کی لاگت 28.28 روپے فی یونٹ آئی۔

مصنف کے بارے میں