سری لنکا اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہو گیا

سری لنکا اور آئی ایم ایف کے درمیان معاہدہ ہو گیا

کولمبو: شدید معاشی بحران میں گھرے سری لنکا اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد کر دیا جائے گا۔ 
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا اور عالمی مالیاتی ادارے (ایم ایف) حکام کے درمیان قرض کی فراہمی کیلئے مذاکرات گزشتہ ہفتے سے جاری تھے جس میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور دونوں کے درمیان سٹاف لیول معاہدے پر اتفاق ہو گیا ہے۔ 
رپورٹس کے مطابق سری لنکا اور آئی ایم ایف نمائندوں کے درمیان ہونے والے سٹاف لیول معاہدے کا باضابطہ اعلان جمعرات کے روز کیا جائے گا جس کے بعد عالمی مالیاتی ادارے کا ایگزیکٹو بورڈ اس معاہدے کی منظوری دے گا۔ 
شدید معاشی بحران کا شکار سری لنکا نے آئی ایم ایف سے 3 ارب ڈالر کے قرض کی درخواست کی تھی جس پر مذاکرات کیلئے عالمی مالیاتی ادارے کی ٹیم سری لنکا میں موجود ہے۔
سری لنکن سینٹرل بینک کے گورنر نندالال ویر سنگھے نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں بہت مثبت پیش رفت ہوئی ہے اورہم پر امید ہیں کہ بہت جلد سٹاف لیول معاہدے کے سنگ میل کو عبور کر لیں گے۔
گورنر سینٹرل بینک کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے سے اہم اصلاحاتی پالیسی لائی جائے گی جس سے ملک کی معیشت میں بہتری آئے گی جبکہ قوم کیلئے موجودہ بحران سے باہر نکلنا مشکل عمل ہے مگر جلد باہر نکلنے کیلئے پرامید ہیں۔

مصنف کے بارے میں