’پی ٹی آئی سیلاب پر بھی سیاست کر رہی ہے، کہا گیا یہ امپورٹڈ حکومت ہے اس کی مدد نہ کریں‘

’پی ٹی آئی سیلاب پر بھی سیاست کر رہی ہے، کہا گیا یہ امپورٹڈ حکومت ہے اس کی مدد نہ کریں‘

لاہور: وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا کہ پی ٹی آئی سیلاب پر بھی سیاست کر رہی ہے ۔ کہا گیا یہ امپورٹڈ اور کرپٹ حکومت ہے اس کی مدد نہ کریں ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصان کو پورا کرنے میں کئی سال لگیں گے ، گزشتہ 4 سال میں معیشت تباہ نہ ہوتی تو متاثرین کی بحالی میں کم وقت لگتا ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قومی مفادات پر سودے بازی کی ، جب نواز شریف کو نااہل کردیا گیا تو اس وقت ہم نے کوئی خط نہیں لکھا ۔ تمام ناانصافیوں کے باوجود ہم نے ملکی سالمیت پر سمجھوتہ نہیں کیا اور نہ ہی کبھی شکایت کی ۔

جاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کی زیر قیادت پارٹی اجلاس میں سودے بازی کے فیصلے کئے گئے ۔ شوکت ترین اس سازش کا پارٹ ون نہیں بلکہ پارٹ فور ہے ۔ شوکت ترین کو فوری گرفتار کرکے اس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہئے ۔ پاکستان کیخلاف ہونے والی عالمی سازش کو بے نقاب کرکے قوم کے سامنے لایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کسی کی فون کال ریکارڈ کرنے کے حق میں نہیں ، لیکن ریاست کیخلاف کام کرنے والوں کو بے نقاب کرنا ایجنسیوں کا کام ہے ۔ کیا کبھی نواز شریف ، آصف زرداری ، حاصل بزنجو یا کسی اور سیاستدان نے ایسی حرکت کی ہے ۔ یہ لاڈلہ اگر نوکری پر لگا ہو تو سب کچھ ٹھیک ہے ۔ عمران خان اداروں کی منتیں کر رہے ہیں انہیں دوبارہ نوکری پر لائیں ۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ گھڑی چور آزاد پھر رہا ہے جبکہ ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے والا نواز شریف سزا بھگت رہا ہے ۔

مصنف کے بارے میں