پی سی بی نے باہمی سیریز نہ کھیلنے پر بھارت کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا

پی سی بی نے باہمی سیریز نہ کھیلنے پر بھارت کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا

کراچی: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کیخلاف باہمی کرکٹ نہ کھیلنے کے نقصان کا ازالہ کرنےکیلئے  قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا. پی سی بی کے گورننگ بورڈ کا 43 واں اجلاس مقامی ہوٹل میں منعقد ہوا، جس کے بعد چیئرمین پی سی بی شہر یار خان نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ ایم او یو ہونے کے باوجود بھارت ہم سے 2سیریز نہیں کھیلا جس کا ہمیں کافی مالی نقصان ہوا ہے، مفاہمت کی یادداشت کی خلاف ورزی پر بھارتی کرکٹ بورڈ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے، بی سی سی آئی اور آئی سی سی کے سامنے کیس رکھا جائے گا، کونسل ایم او یو کی گواہ ہے.

انھوں نے کہا کہ پاکستان بھارتی بورڈ کے خلاف اب ہر فورم میں آواز اٹھائے گا کیونکہ اس نے 8 سیریز کے ایم او یو سائن کرنے کے باوجود پاکستان سے کوئی سیریز نہیں کھیلی، اس کے خلاف کیس دائر کریں گے اورمزید معاہدے سے روگردانی نہیں کرنے دیں گے، بھارت نے ہماری ویمن ٹیم سے بھی کھیلنے سے انکار کیا اور اب پاکستان اے ٹیم سے کھیلنے سے بھی انکاری ہے، اگلے سال برمنگھم میں پاک بھارت کے شیڈول میچ کے ٹکٹس بک چکے ہیں، ہم نے بھارت کے رویے پر پہلے بھی آواز اٹھائی لیکن اب صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، ہمارے اندازے کے مطابق پاک بھارت سیریز کا مالی فائدہ 150 سے 200 ملین ڈالرز ہے. انھوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں عبرتناک شکست کے بعد سیریز گنوانا افسوسناک ہے، جو نام کمایا تھا وہ ڈوب گیا، امید ہے کہ قومی ٹیم سڈنی میں کم بیک کرے گی. ون ڈے سیریز میں اچھا مقابلہ ہوگا، انھوں نے کہا کہ جونیئر کرکٹ ٹیم کے کوچ کو تبدیل کیا جائے گا، شاہد آفریدی اور مصباح الحق کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا ہوگا، بورڈ خود کوئی قدم نہیں اٹھائے گا، مصباح الحق پاکستان کے سب سے کامیاب قائد ہیں اور ان کی بہت فتوحات ہیں.