وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر سی ڈی اے کے چار افسران کی معطلی کے احکامات جاری

وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر سی ڈی اے کے چار افسران کی معطلی کے احکامات جاری

اسلام آباد: وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر وزیر مملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے سی ڈی اے کے چار افسران کی معطلی کے احکامات جاری کر دئیے ہیں۔ معطل کئے گئے افسران میں ممبر انجنئیرنگ شاہد سہیل ، ڈائریکٹر جنرل انجنئیرنگ اینڈ مینٹیننس سہیل انجم ، ڈائریکٹر انجنئیرنگ اینڈ مینٹیننس آصف جاہ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سٹریٹ لائٹس عرفان کھوکھر شامل ہیں۔ان افسران کو وزیر اعظم کی طرف سے خصوصی ہدایات دی گئی تھیں کہ شہر میں سٹریٹ لائٹس کے نظام خصوصاًسیکٹروں کے اندر چھوٹی سڑکوں اور گلیوں میں کھمبوں پر روشنی کی فراہمی کا فوری انتظام کیا جائے ۔سی ڈی اے مقررہ وقت پر تفویض کئے گئے اہداف حاصل نہ کر سکا۔

وزیر اعظم کی طرف سے ان احکامات پر عمل درآمد میں ناکامی پر عدم اطمینان کا اظہار کیا گیا جس پر انھوں نے وزارت کیڈ کو سی ڈی اے کے چار متعلقہ افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔ وزارت کیڈ نے ان افسران کی معطلی کے نوٹیفیکیشن جاری کر دئیے ہیں ۔مزید برآں وزیر اعظم نے سی ڈی اے کو ہدایات جاری کیں ہیں کہ شہر میں صفائی ستھرائی، کوڑا اٹھانے اور اس کی تلفی، شہر کے ندی نالوں کی صفائی، پارکوں کی مینٹیننس پر خصوصی توجہ دی جائے اوران سروسز کو اعلیٰ معیار کے مطابق بنایا جائے۔ مارکیٹوں میں تجاوزات ، سٹریٹ لائٹس کی بہتری اور شہر میں ہارٹیکلچر سے متعلق اقدامات میں بہتری کی ہدایت بھی جاری کی گئیں۔وزیر اعظم کی طرف سے یہ ہدایات بھی جاری کی گئیں کہ سی ڈی اے شہریوں کی سہولت کیلئے اپنی ذمہ داریوں اور سروسز ڈیلیوری میں بہتری کیلئے فوری اقدامات کرے ۔واضح رہے کہ ہفتہ کے روز وزیر اعظم آفس کی طرف سے چیئرمیں سی ڈی اے کو اسلام آباد میں سٹریٹ لائٹس اور صفائی کے ناقص نظام کے حوالے سے خط لکھا گیا تھا.