سندھ میں گنے کے بحران کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، مراد علی شاہ

سندھ میں گنے کے بحران کی ذمہ دار پنجاب حکومت ہے، مراد علی شاہ

کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں گنے کے بحران کی ذمہ دار وفاقی اور پنجاب حکومت ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ لینے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے صوبے میں گنے کے حالیہ بحران کا ذمہ دار وفاقی اور پنجاب حکومت کو قرار دیا۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پنجاب میں 100 روپے من گنا سندھ کی شوگر ملوں کو فراہم کیا جارہا ہے، پنجاب سے سستا گنا ملے گا تو سندھ کے کاشت کاروں کا مہنگا گنا شوگر ملیں کیوں خریدیں گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم نے پنجاب کے مقابلے میں گنے کا نرخ 2 روپے زیادہ مقرر کیا تاکہ کاشت کاروں کو فائدہ ہو لیکن وہاں سے سندھ میں شوگر ملوں کو گنا 100 روپے فی من کے حساب سے دیا جارہا ہے۔
سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب میں گنے کی ملیں بند ہوگئیں جس کی وجہ سے تاجر سندھ آئے جب کہ پنجاب سے پورٹ جانے والی گاڑیاں خالی آرہی ہوتی ہیں جس کی وجہ سے وہ سستے کرائے پر گنا سندھ لے آتی ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب نے گنے کی فی من قیمت 180 اور ہم نے 182 روپے مقرر کی جب کہ وفاقی حکومت نے شوگر ملوں کو تاحال سبسڈی دینے کا اعلان نہیں کیا۔