سندھ میں گورنر راج نہیں لگایا جائے گا، فواد چوہدری

سندھ میں گورنر راج نہیں لگایا جائے گا، فواد چوہدری
کیپشن: وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی چاہتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی سے اخلاقیات کی امید کرنا مشکل ہے، فواد چوہدری۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پیپلز پارٹی کو سندھ میں گورنر راج نہ لگانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نہ 18 ویں ترمیم کو چھیڑا جائے گا نہ ہی سندھ میں گورنر راج لگے گا بس بدلے میں سندھ حکومت یہ کرے کہ آصف زرداری کے کیس میں شفاف ٹرائل ہونے دے۔

انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ کا نام جے آئی ٹی رپورٹ میں ہے اور پیپلزپارٹی مراد علی شاہ کے بجائے کسی اور کو وزیراعلیٰ بنائے کیوں کہ وزیراعلیٰ سندھ کی تبدیلی چاہتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی سے اخلاقیات کی امید کرنا مشکل ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ سب کو معلوم ہے کہ زرداری اور نواز شریف نے کیا کیا لہٰذا پیپلزپارٹی اور ن لیگ شفاف تحقیقات کی حمایت کرے۔

بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفی نواز کھوکر کا کہنا تھا کہ وہ تو زرداری کے کیس میں شفاف ٹرائل کے حق میں ہیں لیکن نیب حکومت کے ماتحت ہے۔ حکومتی وزير نیب کے ترجمان بنے بیٹھے ہیں اور جے آئی ٹی رپورٹ کو بالکل بھی سنجیدہ نہیں لیتے۔

انہوں نے کہا کہ اگر فواد چوہدری کی بات ٹھیک ہے تو پھر فیصل واؤڈا، علی زیدی اور شیخ رشید جو کہہ رہے ہيں وہ غلط ہے۔

پی پی رہنما نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم عمران خان کا ہیلی کاپٹر ریفرنس میں نام ہے ان کو بھی استعفی دینا چاہئے۔ وزیراعظم نے اب تک کیوں استعفی نہیں دیا۔

خیال رہے وفاقی حکومت کی جانب سے آصف زرداری، بلاول بھٹو، فریال تالپور اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت 172 افراد کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کیے جانے کے بعد پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوگیا ہے۔