مشرفی مرتضیٰ نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی

مشرفی مرتضیٰ نے عام انتخابات میں کامیابی حاصل کرلی
کیپشن: تصویر بشکریہ ٹوئٹر

ڈھاکہ :بنگلہ دیش کی ون ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ عام انتخابات میں کامیاب ہوگئے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ رو ز بنگلہ دیش میں عام انتخابات کا انعقاد کیا گیا جس میں شیخ حسینہ واجد کی جماعت نے کامیابی حاصل کرلی۔بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم کے کپتان مشرفی مرتضیٰ نے بھی انتخابات میں حصہ لیا اور عوامی لیگ کے ٹکٹ پرکامیابی حاصل کی۔

مشرفی مرتضیٰ نے 2 لاکھ 74 ہزار ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مخالف امیدوار کو صرف 8 ہزارووٹ ملے۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کے الیکشن کمیش نے شیخ حسینہ واجد کو فاتح قرار دے دیا ہے تاہم اپوزیشن نے انتخابات کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے ان کی مذمت کی ہے اور ساتھ ہی نئے انتخابات کا مطالبہ کیا ہے۔


اب تک آنے والے نتائج کے مطابق شیخ حسینہ واجد کی جماعت نے 350 نشستوں کے ایوان میں سے 281 نشستیں جیت لی ہیں جب کہ حزبِ اختلاف کے حصے میں صرف سات نشستیں آئی ہیں۔ تاہم بڑے پیمانے پر دھاندلی کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔


اپوزیشن کے رہنما کمال حسین نے کہا ہم الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان مضحکہ خیز نتائج کو فوری طور پر کالعدم قرار دے۔ ہم ایک غیر جانب دار حکومت کے زیرِ اہتمام نئے انتخابات کا مطالبہ کرتے ہیں۔


بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ اس نے ملک بھر سے دھاندلی کے الزامات سنے ہیں اور وہ ان کی تحقیقات کرے گا۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈر خالدہ ضیا 1991 سے 1996 اور 2001 سے 2006 تک دو مرتبہ وزیراعظم کی ذمہ داریاں نبھا چکی ہیں جب کہ موجوہ د وزیراعظم حسینہ واجد 1996 سے 2001، 2009 سے 2014 اور 2014 سے تاحال وزیراعظم ہیں۔