وزیراعظم سے فواد چودھری کی ملاقات، اتحادیوں سے رابطوں پر بریفنگ دی

وزیراعظم سے فواد چودھری کی ملاقات، اتحادیوں سے رابطوں پر بریفنگ دی
کیپشن: ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعظم سے گائیڈ لائن حاصل کی۔۔۔۔۔۔فوٹو/ عمران خان آفیشل فیس بُک پیج

اسلام آباد : تحریک انصاف کے سندھ مشن کے آغاز سے پہلے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات نے وزیراعظم سے گائیڈ لائن حاصل کی اور فواد چودھری نے سندھ میں اتحادیوں سے رابطوں بارے وزیراعظم کو بریفنگ بھی دی۔

فواد چودھری نے وزیر اعظم کو بتایا کہ وہ دورہ سندھ میں پیر پگارا، لیاقت جتوئی، ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے رہنماؤں، ذوالفقارمرزا اور دیگر سے ملاقاتیں کریں گے اور اتحادیوں کے ساتھ مشاورت سے سندھ کے معاملات کا جائزہ لیں گے۔

وزیراعظم کا ملاقات میں کہنا تھا کہ وہ سندھ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر بھی شریک ہوئے اور اس موقع پر سندھ کے گیس بحران پر بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے سندھ کے گیس کے مسائل کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔

گزشتہ روز فواد چوہدری نے مطالبہ کیا تھا کہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کو تبدیل کیا جائے تاہم صوبے میں نہ گورنر راج لگایا جائے گا اور نہ ہی اٹھارھویں ترمیم کو چھیڑا جائے گا۔

خیال رہے کہ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی 99 اور مشترکہ اپوزیشن کی 64 نشستیں ہیں اور اکثریت حاصل کرنے کے لیے اسمبلی میں 85 نشستیں درکار ہیں اور موجودہ صورتحال میں ان ہاؤس تبدیلی کے لیے اپوزیشن کے پاس عددی اکثریت موجود نہیں۔