وفاقی حکومت کا وزیر اعلیٰ سندھ سے استعفیٰ کا مطالبہ

وفاقی حکومت کا وزیر اعلیٰ سندھ سے استعفیٰ کا مطالبہ
کیپشن: Image Source : Facebook

اسلام آباد :وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کبھی سندھ حکومت گرانے کی بات نہیں کی لیکن وفاقی حکومت کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ فوری طور پر مستعفی ہو جائیں ۔

آصف زرداری کے اوپر بنے ہوئے کیسز ہمارے نہیں بلکہ یہ لوگ پہلے ہی سے ایف آئی اے اور نیب کے ریڈار پر تھے ،جے آئی ٹی رپورٹ نے کرپشن کے تمام پول کھول دئیے ،یہ لوگ کیسے غریبوں کا پیسہ دبئی اور لندن لے کر جاتے رہے جے آئی ٹی رپورٹ میں سب کچھ واضح ہے ،نواز اور زرداری دونوں بڑی ہنسی خوشی اپنی زندگی گزا ر رہے تھے کہ عمران خان آگئے اور ان کے تمام کرپشن کے منصوبے ٹھپ گئے ،ان کا کہنا تھاکہ ان لوگوں نے غریب کسانوں ،تھر کے بچوں کا مال لوٹ کر کھا گئے ،ہم اداروں پر کسی قسم کا کنٹرول نہیں رکھتے ،ہم نے حکومت میں آکر ان اداروں کو مضبوط کیا ہے ۔

فواد چوہدری نے کہا سندھ کے عوام کا پیسہ لندن اور دبئی میں خرچ کیا جا تا رہا ،بلاول کی بات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول کے ابو تو حکومت گرا نہیں سکے تو تم کیسے وفاقی حکومت کو گراﺅ گے ،انہوں نے کہا فی الحال تم اپنی فکرکرو ،پیپلزپارٹی کے بعض رہنما ہمارے سے رابطے میں ہیں ،ہمارے کسی وفاقی وزیرنے سند ھ میں گورنر راج کی کوئی بات نہیں کی ۔

وزیر اطلاعات نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے مجھے کراچی بھیجنے کا کہا تھا کہ وہاں پر سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے لیکن آج میر ی ان سے تین میٹنگز ہوئیں جس کے بعد ہم نے مشترکہ طور پر یہ فیصلہ کیا کہ ہم ایسا کوئی تاثر نہیں دینگے جس سے ایسا لگے کہ سندھ حکومت میں ہم کوئی مداخلت کر رہے ہیں ،انہوں نے کہا کچھ دو اور کچھ لو کی سیاست کا زمانہ ختم ہوگیا ۔