نئے سال کی آمد پر عوام کیلئے بڑا تحفہ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان

نئے سال کی آمد پر عوام کیلئے بڑا تحفہ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان
کیپشن: Image Source : Facebook

اسلام آباد :وزیر اعظم عمران خان نے نئے سال کی آمد پر عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا تحفہ دیدیا ،پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 86 پیسے فی لٹرروپے کمی کا فیصلہ کیا گیا ۔

 

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں4.86 پیسے ، ڈیزل کی قیمت میں 4.26 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 52پیسے جبکہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.16 پیسے فی لیٹر کمی کردی ہے۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4.86 پیسے کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 90 روپے 97 پیسے فی لیٹرہوگئی جبکہ اس سے پہلے پٹرول کی قیمت 95.83 پیسے فی لیٹر تھی۔

 

 

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 4.26پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔ جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 106.68 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، اس سے پہلے ڈیزل کی قیمت 110.94 پیسے فی لیٹر تھی۔ وزارت خزانہ سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں صرف 52 پیسے کی معمولی کمی کی گئی ہے جس کے بعد اس کی نئی قیمت 82.98 پیسے فی لیٹر ہوگی ، اس سے قبل مٹی کا تیل 83.50 پیسے فی لیٹر دستیاب تھا۔

 

 دوسری جانب شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو توقع کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی گئی ہے ، عالمی منڈی میں جس طرح تیل کی قیمتیں کم ہوئی ہیں اتنا ہی ریلیف ہماری عوام کو بھی ملنا چاہئے، تاہم کچھ شہریوں نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سراہا ہے اور کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوںمیں کی گئی کمی مہنگائی کی پسی عوام کیلئے بارش کا پہلا قطرہ ثابت ہوگی اور شہریوں کو یقینا اس کا فرق محسوس ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 2.16 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 75.28 پیسے فی لیٹر ہوگی ۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری 2019ءہو گا۔