ترکش ٹی وی نے جمال خشوقجی کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر دی

ترکش ٹی وی نے جمال خشوقجی کے قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر دی
کیپشن: image by facebook

استنبول : امریکی صحافی جمال خشوقجی کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت ، مقامی ٹی وی نے پانچ بیگز تھامے تین افراد کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کر دی ۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کے مقامی ٹی وی نے گزشتہ روز رات گئے ایک سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کی ہے جس میں دکھایا گیا ہے کہ سعودی سفارتخانے سے نکلنے والے تین افراد نے پانچ بیگز تھام رکھے ہیں۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق پانچ بیگز میں امریکی صحافی جمال خشوقجی کی لاش کے ٹکڑے تھے جس کو سعودی سفارتخانے سے ایک منی بس کے ذریعے رہائش گاہ کے گیراج تک لایا گیا۔

ٹی وی رپورٹ کے مطابق بیگز میں موجود لاش کے ٹکڑوں کو تیزاب میں جلا دیا گیا ہے تاکہ لاش کا سراغ نہ مل سکے ، سی سی ٹی وی فوٹیج میں دکھائے گئے پانچ بیگز میں سے تین چھوٹے ہیں جبکہ دو بیگ بڑے دیکھے جا سکتے ہیں ۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے ترکی کے مطالبے پر قتل میں کے شبے میں ملوث دیگر افراد کے خلاف تحقیقات سے انکار کر دیا ہے جبکہ ترکی کا کہنا ہے کہ وہ معاملے کو اقوام متحدہ میں لے کر جائے گا۔

ترکی اور امریکی سینیٹرز کی جانب سے یہ الزام بھی سامنے آیا ہے کہ جمال خشوقجی کو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے حکم پر قتل کیا گیا ہے جبکہ سعودی ولی عہد نے امریکی صدر سے گفتگو میں بتایا تھا کہ جمال خشوقجی متنازع شخصیت رکھتا تھا۔