حکومت کی طرف سے ٹونٹی 20کا پہلا تحفہ، پٹرول بم عوام پر گرا دیا

حکومت کی طرف سے ٹونٹی 20کا پہلا تحفہ، پٹرول بم عوام پر گرا دیا

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو سال نو کا 'تحفہ' دیتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 3 روپے 10 پیسے تک اضافہ کر دیا۔

منگل کووزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 61 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 25 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا جارہا ہے۔اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 10 پیسے اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 2 روپے 8 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔قیمتوں میں اضافے کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 116 روپے 60 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 127 روپے 26 پیسے ہوگی۔

عوام کو مٹی کا تیل اب 99 روپے 45 فی لیٹر جبکہ لائٹ ڈیزل آئل 84 روپے 51 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتیں جنوری 2020 کے لیے نافذالعمل ہوں گی اور ان کا اطلاق رات 12 بجے سے ہوگیا۔دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں 25 روپے فی کلو اضافہ کردیا ہے۔اوگرا کے نوٹی فکیشن کے مطابق ایل پی جی کے گھریلو سلینڈ کی قیمت ایک ہزار 513 روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 791 روپے ہوگئی ہے۔ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا اطلاق بھی جنوری 2020 کے لیے ہوگا۔