پاکستان میں عالمی وبا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار سے تجاوز

The total death toll from the global epidemic in Pakistan has exceeded 10,000
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز عالمی وبا سے پورے ملک میں 58 اموات سامنے آئیں۔ اموات میں حالیہ اضافے سے پاکستان میں جاں بحق ہونے والوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 105 ہو گئی ہے۔

گزشتہ روز 39 ہزار 695 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 2 ہزار 475 افراد میں عالمی وبا کی علامات پائی گئیں۔ پورے ملک میں زیر علاج 2206 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

اگرچہ عوام کی جانب سے بہت زیادہ بے احتیاطی کا مظاہرہ کیا جا رہا ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان میں عالمی وبا کی صورتحال دیگر ممالک کے مقابلے میں کافی بہتر ہے۔ اس کی وجہ حکومت کی جانب سے سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی ہے۔ اس کے تحت جس کے علاقے میں وبا پھیلنا شروع ہوتی ہے، اسے مکمل بند کرکے وبا کا پھیلاؤ روک دیا جاتا ہے۔ عالمی وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے پاکستان نے جو ماڈل اپنایا، دنیا بھر میں اس کی تعریف کی جاتی ہے۔

ایک اندازے کے مطابق صوبہ سندھ میں ایک لاکھ چورانے ہزار چھ سو اکیاون، صوبہ پنجاب میں ایک لاکھ تیئس ہزار 269، خیبر پختونخوا میں 53 ہزار 272، اسلام آباد میں 33 ہزار 857، گلگت بلتستان میں 4 ہزار 705، بلوچستان میں 17 ہزار 702 اور آزاد کشمیر میں 7 ہزار 617 مریض اس مہلک مرض کو شکست دے کر نارمل زندگی گزار رہے ہیں۔

پاکستان میں عالمی وبا سے ہونے والی اموات کی شرح پر نظر ڈالی جائے تو این سی او سی کی جانب سے دستیاب ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ آزاد کشمیر میں 221، بلوچستان میں 183، گلگت بلتستان میں 101، اسلام آباد میں 416، خیبر پختونخوا میں 1638، صوبہ پنجاب میں 4013 اور صوبہ سندھ میں 3533 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔