بلال یاسین پر فائرنگ، مریم نواز شریف کا ردعمل بھی آ گیا

بلال یاسین پر فائرنگ، مریم نواز شریف کا ردعمل بھی آ گیا
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے سابق صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق مریم نواز شریف کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا گیا ’مسلم لیگ (ن) کے ممبر پنجاب اسمبلی اور نواز شریف کے باوفا ساتھی بلال یاسین پر قاتلانہ حملہ۔ پیٹ اور ٹانگ میں گولیاں لگیں لیکن اللہ نے بچا لیا۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شدید زخمی ہونے کے باوجود حالت خطرے سے باہر ہے۔ اللہ انہیں جلد اور مکمل شفاءعطاءفرمائے۔ سب سے دعا کی درخواست ہے۔‘ 

29bff2eb5bd83f361edd1a35050ef9bb


واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے معروف علاقے بلال گنج میں فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر خوراک اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین زخمی ہو گئے۔ بلال یاسین لیگی کارکن سے ملاقات کیلئے ان کے گھر گئے تھے کہ نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ 
پولیس کے مطابق بلال یاسین پر نقاب پوش افراد کے حملے میں انہیں 2 گولیاں لگیں، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک گولی پیٹ اور دوسری ٹانگ میں لگی جس سے وہ زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں تین گولیاں لگی ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو گولی لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے ذریعے حقائق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور فیاض احمد نے بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔