راناثناءاللہ کی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی مذمت، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ 

راناثناءاللہ کی بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی مذمت، مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ 
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ نے سابق صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق صدر مسلم لیگ (ن) پنجاب ثناءاللہ نے بلال یاسین پر قاتلانہ حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بلال یاسین مسلم لیگ (ن) کے جانثار ساتھی ہیں اور ان پر حملے نے پنجاب میں امن و امان کے دعوﺅں کی قلعی کھول دی ہے۔ پنجاب میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر تشویشناک ہے، ملزمان کو بے نقاب کر کے کیفر کردار تک پہنچایا جائے 
واضح رہے کہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے معروف علاقے بلال گنج میں فائرنگ سے سابق صوبائی وزیر خوراک اور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین زخمی ہو گئے۔ بلال یاسین لیگی کارکن سے ملاقات کیلئے ان کے گھر گئے تھے کہ نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کر دی۔ 
پولیس کے مطابق بلال یاسین پر نقاب پوش افراد کے حملے میں انہیں 2 گولیاں لگیں، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک گولی پیٹ اور دوسری ٹانگ میں لگی جس سے وہ زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو زخمی حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں تین گولیاں لگی ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ بلال یاسین کو گولی لگنے کے واقعے کی تحقیقات کے ذریعے حقائق جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 
کیپٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) لاہور فیاض احمد نے بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور واقعہ میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ 
دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور رکن پنجاب اسمبلی بلال یاسین پر فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے بلال یاسین کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔