روہت شرما جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے باہر، کے ایل راہول کپتان مقرر

روہت شرما جنوبی افریقہ کیخلاف سیریز سے باہر، کے ایل راہول کپتان مقرر
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

نئی دہلی: بھارت کی ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان روہت شرما انجری کے باعث جنوبی افریقہ کے خلاف 3 میچز پر مشتمل ایک روزہ سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں اور ان کی جگہ کے ایل راہول کو قیادت سونپ دی گئی ہے۔ 
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) کے مطابق حال ہی میں ویرات کوہلی کی جگہ ون ڈے اور ٹی 20 ٹیم کے کپتان بنائے جانے والے روہت شرما اپنی انجری سے صحت یاب نہیں ہوسکے جس کے باعث وہ جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز کیلئے دستیاب نہیں ہو سکیں گے۔ 
بھارتی کرکٹ بورڈ کے مطابق روہت شرما کی غیر موجودگی میں کے ایل راہول بھارتی ٹیم کی قیادت کریں گے جو 19 جنوری سے شروع ہونے والی سیریز میں ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ جسپریت بمرا کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ 
واضح رہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم ان دنوں جنوبی افریقہ کے دورے پر ہے جہاں دونوں ملکوں کے درمیان ٹیسٹ سیریز جاری ہے اور روہت شرما انجری کے باعث ٹیسٹ سیریز بھی نہیں کھیل سکے تھے جبکہ دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 19 جنوری سے شروع ہو گی۔ 

مصنف کے بارے میں