شاہ محمود قریشی کمر کے مسئلے کی وجہ سے اکثر ایسے بیٹھ جاتے ہیں، طاہر اشرفی کا وائرل ہونے والی تصویر پر ردعمل

شاہ محمود قریشی کمر کے مسئلے کی وجہ سے اکثر ایسے بیٹھ جاتے ہیں، طاہر اشرفی کا وائرل ہونے والی تصویر پر ردعمل
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے شاہ محمود قریشی کے سعودی سفیر کی جانب پاﺅں رکھ کر بیٹھنے کی تصویر وائرل ہونے کے معاملے پر ردعمل دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی سفیرکا احترام سرکاری عوامی سطح پر ہے ، شاہ محمود قریشی کی کمر کا مسئلہ ہے اور وہ اکثر ایسے ہی بیٹھتے ہیں، ملاقاتوں میں بیٹھنے کے مختلف انداز ہوتے ہیں،قریشی صاحب کی کمر کا بھی مسئلہ ہے جس کے باعث وہ اس طرح بیٹھ جاتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات ساری دنیا کے سامنے ہیں اور سعودی سفیر گزشتہ 7 سال سے پاکستان میں جن کا احترام ناصرف سرکاری سطح پر ہے بلکہ عوامی سطح پر بھی ہے، سعودی عرب اور پاکستان کی دوستی کو پسند نہ کرنے والوں نے بھی معاملے کو اچھالنے کی کوشش کی۔

طاہر اشرفی نے کہا کہ اگر اس معاملے میں کسی سعودی بھائی کی دل آزاری ہوئی ہے تو معذرت کی جاسکتی ہے، سعودی عرب اورپاکستان کے تعلقات ایمان اور عقیدے کے ہیں، اس طرح کے پروپیگنڈے سے سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات کو متاثر نہیں کیا جاسکتا اور جس طرح انٹر نیشنل میڈیا میں معاملہ اچھالا گیا، حقیقت سے اس کا تعلق نہیں۔
واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی اور سعودی سفیر کی ملاقات کے موقع پر لی گئی ایک تصویر وائرل ہوئی تھی جس میں شاہ محمود قریشی سعودی سفیر کی جانب سے پاﺅں کئے بیٹھے نظر آئے۔ سوشل میڈیا پر صارفین نے شاہ محمود قریشی کے اس انداز پر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور کہا کہ مہمان کے سامنے بیٹھنے کا یہ غیر شائستہ انداز ناقص تربیت کی نشاندہی کرتا ہے جبکہ اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بھی شاہ محمود قریشی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔