حکومت کا نئے سال کا پہلا تحفہ، پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ

حکومت کا نئے سال کا پہلا تحفہ، پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ
سورس: فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

اسلام آباد: حکومت نے عوام کو نئے سال کا تحفہ ’پیٹرول بم‘ کی صورت میں دیا ہے اور پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی تجویز پر وزارت خزانہ نے وزیراعظم عمران خان کی منظوری کے بعد سال نو کے آغاز پر ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جنوری سے ہو گا۔ 
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 144 روپے 82 پیسے مقرر ہوئی ہے جبکہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 4 روپے اضافے کیساتھ 141 روپے 62 پیسے مقرر کی گئی ہے۔ 
نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 15 پیسے کا اضافہ ہوا ہے اور نئی قیمت 111 روپے 6 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت 3 روپے 95 پیسے اضافے کے ساتھ 113 روپے 53 پیسے ہو گئی ہے۔ 

دوسری جانب بھارت کی ریاست جھارکھنڈ نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 25 روپے (بھارتی) کمی کا اعلان کیا ہے۔ جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ ہیمنت سورین کی جانب سے حکومت کے 2 سال مکمل ہونے پر پیٹرول کی قیمت میں کمی کا اعلان کیا گیا۔
ریاستی وزیر اعلیٰ کے دفتر کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا گیا کہ جھارکھنڈ میں دو پہیوں والی گاڑیوں (موٹر سائیکل اور سکوٹی) کیلئے 25 روپے (بھارتی) فی لیٹر کمی کی گئی ہے اور اس کمی کا اطلاق 26 جنوری 2022 سے نافذ العمل ہو گا، جبکہ ہر خاندان کو 10 لیٹر پر سبسڈی دی جائے گی۔