فلسطینی صدر کی وزیراعظم ہاوس آمد پرنوازشریف کی جانب سے گرم جوشی سے استقبال

 فلسطینی صدر کی وزیراعظم ہاوس آمد پرنوازشریف کی جانب سے گرم جوشی سے استقبال

اسلام آباد:فلسطین کے صدر محمود عباس 17 رکنی وفد کے ہمراہ وزیراعظم ہاوس پہنچے۔ محمود عباس کی وزیراعظم ہاوس آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔منگل کو وزیراعظم محمد نوازشریف نے فلسطینی صدر کا گرم جوشی سے استقبال کیا،وزیراعظم ہاوس کے مرکزی دروازے پر ہی فلسطینی صدر کو پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی دی اور گارڈ آف آنر پیش کیا۔
جبکہ تقریب کے دوران دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔وزیراعظم نے محمود عباس سے کابینہ اراکین کا تعارف بھی کروایا۔فلسطینی صدر اپنے دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے ساتھ ساتھ اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں نو تعمیر شدہ فلسطینی سفارتخانے کا افتتاح بھی کیا۔
واضح رہے کہ دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ فلسطینی صدر محمود عباس کا یہ تیسرا دورہ پاکستان ہے، اس سے قبل وہ 2005 اور 2007 میں پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔فلسطینی صدر کے ہمراہ 17 رکنی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے جن میں پانچ وزرا شامل ہیں۔خیال رہے کہ حکومت پاکستان نے 1992 میں اسلام آباد میں فلسطینی سفارتخانے کی تعمیر کے لیے زمین تحفے میں دی تھی اور 2013 میں پاکستان نے اس کی تعمیر میں معاونت بھی کی تھی۔