ٹیم کی سلیکشن میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اپنی من مانی نہیں کرتے ، سرفراز احمد

ٹیم کی سلیکشن میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر اپنی من مانی نہیں کرتے ، سرفراز احمد

کراچی : پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان اور اسٹار کھلاڑی سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پاکستان ٹیم کے سلیکشن میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر غیر ضروری اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے من مانی کررہے ہیں اور کپتان کی رائے کو اہمیت نہیں دے دہے ہیں۔

نیوزی لینڈ سے کراچی پہنچنے کے بعدمیڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر اور میں دوروں میں گیارہ کھلاڑیوں کا انتخاب مشاورت سےکرتے ہیں، ضرورت پڑنے پر چیف سلیکٹر انضمام الحق سے بھی مشورہ کیا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دنیا میں کوئی بھی ٹیم سیریز ہارجاتی ہے، ابھی آسٹریلیا نے ایشز سیریز جیتی لیکن انگلینڈ نے ون ڈے سیریز چار ایک سے جیت لی، وہاں کسی نے شکست میں سے سازشی مفروضوں کو تلاش کرنے کی کوشش نہیں کی۔

آسٹریلیا نے بھی ون ڈے سیریز میں ٹیم میں تبدیلیاں کیں، اوپنر تبدیل کئے، کیمرون وائٹ کو ہٹایا، بعض تبدیلیاں مثبت ہوتی ہیں اور بعض فیصلے بیک فائر کر جاتے ہیں، میں خراب کارکردگی کا دفاع نہیں کروں گا لیکن ہر بری کارکردگی اور شکست کے بعد اسے اختلافات قرار دینا درست نہیں ہے۔