روسی عدالت نے جہاز کی ٹکٹ کیلئے نومولود کو فروخت کرنیوالی ماں کو چار سال قید کی سزا سنادی

روسی عدالت نے جہاز کی ٹکٹ کیلئے نومولود کو فروخت کرنیوالی ماں کو چار سال قید کی سزا سنادی


سینٹ پیٹرز برگ: اللہ تعالیٰ نے دنیا میں ماں کے رشتے میں ایسی قوت رکھ دی ہے کہ چاہے انسان ہو یا جانور اپنے بچوں کو جان سے بڑھ کر پیار کرتا ہے اور کبھی بھی نہیں چاہتا کہ اس کے بچے کو کسی بھی قسم کی تکلیف پہنچے ،مگر ایسے بھی لوگ ہیں جن کی خودغرضی کو دیکھ عقل انسانی دنگ رہ جائے۔

ایسا ہی واقعہ رو س میں پیش آیا جہاں کی عدالت نے صرف ایک جہاز کا ٹکٹ خریدنے کے بدلے اپنے نومولود بچے کو فروخت کرنیوالی خاتون کو 4 سال کی قید کی سزا سنادی۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق روس کے شہر سینٹ پیٹرز برگ میں عدالت نے ازبکستان سے تعلق رکھنے والی خاتون کو 4 سال قید کی سزا اس لئے سنائی کیونکہ اس نے جہاز کا ٹکٹ خریدنے کیلئے اپنے شیر خوار بچے کو فروخت کردیا تھا جبکہ عدالت نے بچے کو خریدنے والے جوڑے کو بھی 3 سال کے لئے جیل بھیجنے کا حکم جاری کیا۔


رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ خاتون نے نومبر2016 ءمیں بچے کو جنم دیا اور اس کے کچھ روز بعد ہی جہاز کی ٹکٹ لینے کیلئے نومولود کی قیمت تقریباً1200 ڈالر لگائی اور بچہ فروخت کرنے کے بعد وسطی ایشیا کے دورے پر چلی گئی۔