امریکی خاتون اول ٹرمپ کا خطاب سننے کیلئے الگ گاڑی میں آئیں

امریکی خاتون اول ٹرمپ کا خطاب سننے کیلئے الگ گاڑی میں آئیں

واشنگٹن: امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے امریکی روایت توڑ ڈالی، شوہر کا خطاب سننے کے لیے الگ گاڑی میں کیپٹل ہل پہنچیں، براک اوباما  اور  بش جونیئر نے اپنی بیگمات کے ساتھ کیپٹل ہل جانے کی روایت قائم  کی تھی۔

امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ اپنے شوہر کا سالانہ اسٹیٹ آف دی یونین خطاب سننے کانگریس چیمبر میں داخل ہوئیں تو ہال تالیوں سے گونج اٹھا، سفید لباس پہنے میلانیا ٹرمپ ہنستی مسکراتی اورتالیوں کا جواب دیتی ہوئی اپنی نشست پر بیٹھیں اور  کمال خوبصورتی سے اپنے دل کی کیفیت چھپاتی رہیں۔

اداکارہ اسٹارمی ڈینیل سے ڈونلڈٹرمپ کے مبینہ تعلقات کی خبریں سامنے آنے کے بعد میلانیا ٹرمپ کی یہ پہلی انٹری تھی، اس سے پہلے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ ٹرمپ کا مبینہ اسکینڈل سامنے آنے کے بعد خاتون اول وائٹ ہاوس چھوڑ   کر ہوٹل منتقل ہو گئی ہیں، امریکی خاتون اول پروگرام طے ہونے کے باوجود ڈیووس بھی نہیں گئی تھیں۔

میلانیا ٹرمپ کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید  کی تھی لیکن حالات کچھ اور ہی اشارہ کر رہے ہیں،میلانیا ٹرمپ نے علیحدہ گاڑی میں کیپٹل ہل پہنچ  کر اس روایت کو  توڑ  ڈالا جو سابق امریکی صدور نے قائم کی تھی،اس سے پہلے سابق صدر براک اوباما اپنی اہلیہ مشیل اور بش جونیئر اپنی اہلیہ لارا بش کے ساتھ کیپٹل ہل جایا کرتے تھے۔

ذرائع کے مطابق, یہ پہلا موقع نہیں ہے جب میلانیا ٹرمپ کی ناراضگی خبروں کی زینت بنی ہو،گزشتہ برس امریکی صدر کا  پہلا  بین الاقوامی دورہ  بھی خاتون اول  کی ناراضی کے سبب  یادگار  بن گیا، پہلے اسرائیل اور پھر  روم میں خاتون اول کا اپنے شوہر کا ہاتھ جھٹکنا دنیا نے دیکھا تھا۔