پشاور: وزیراعظم کے مشیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) صوبہ خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام نے کہاہے کہ 4فروری کو پشاورمیں منعقدہونیوالاپاکستان مسلم لیگ(ن)کاجلسہ 2018کے عام انتخابات میں سیاسی رخ کاتعین کرے گا۔یہ خیبرپختونخوا کا فقید المثال جلسہ ہو گا۔پشاورمسلم لیگ(ن) کا گڑھ بننے جا رہاہے. کارکنوں کے جذبے اورمحبت کوسلام پیش کرتا ہوں۔ آج ہر جگہ پاکستان مسلم لیگ (ن)کے جلسے کی کامیابی قائدمحمدنوازشریف کی سیاسی بصیرت اورعوام کی بلاامتیاز فلاح وبہبود کی مرہون منت ہے۔
ان خیالات کااظہارانہوں نے جلسہ گاہ کے دورے کے دوران ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرممبرقومی اسمبلی کیپٹن(ر)محمدصفدربھی موجودتھے۔
انجینئرامیرمقام نے کہاکہ کارکن اورپشاورکے عوام قائدمحمدنوازشریف اورمریم نواز کی ایک جھلک اورتقریر سننے کیلئے بے تاب ہیں۔عمران خان کو اٹک کے اس پار اور خیبرپختونخوا میں انصاف ایک ہی ترازومیں تولناچاہئے۔ عاصمہ رانی، شریفہ بی بی اوراسماء کیلئے بھی عمران خان کو آواز بلندکرنی چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن)اورمحمدنوازشریف 2018میں عوامی عدالت کے فیصلے کے منتظرہیں اورانشاء اللہ سرخرو ہوں گے۔