پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیموں کا پہلا ٹی20 مقابلہ شروع

پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیموں کا پہلا ٹی20 مقابلہ شروع
کیپشن: تصویر بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر

کراچی :شہر قائد میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز ویمن ٹیموں کا مقابلہ شروع ہوگیا۔پہلے ٹی 20 انٹرنیشنل میچ میں ویسٹ انڈین خواتین نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پاکستان نے بین الاقوامی ویمنز ٹی 20 کرکٹ میں میچوں کی سنچری مکمل کر لی۔

ساؤتھ اینڈ کلب کراچی میں تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کا پہلا معرکہ آج ہونے جا رہا ہے ۔15 سال بعد پاکستان آنے والی مہمان ٹیم کی آمد پر ائیرپورٹ کے اطراف میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے تھے۔ ائیر پورٹ آمد پر مہمان ٹیم کو پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ پی سی بی ویمن ونگ کے آفیشلز اور سندھ حکومت کی طرف سے ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی نے استقبال کیا۔

دونوں ٹیموں کی کپتان ٹرافی کے ساتھ ساحلی علاقے کلفٹن پہنچیں اور اونٹ پر ساتھ بیٹھ کر ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوائیں۔ بعدازاں دونوں کپتانوں نے ساﺅتھ اینڈ کلب میں میڈیا سے الگ الگ بات کی۔ مہمان ٹیم کی کپتان ماریسا ایگولیریا نے کہا کہ کرکٹ میں پاکستان کا درخشاں ماضی رہا ہے، کرکٹ کھیلنا ہر کرکٹر کا خواب ہوتا ہے اس لئے ہم پاکستان میں کرکٹ کھیلنے آئے ہیں، مشکل حالات میں پاکستان کو اپنے ہوم گراﺅنڈ میں انٹر نیشنل میچز کی ضرورت ہے، ہماری طرح دیگر ٹیموں کو بھی پاکستان آکر کرکٹ کھیلنا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سیریز میں کپتان اسٹیفیانا ٹیلر کی کمی محسوس ہوگی، سیریز کیلئے بھر پور ٹریننگ کی ہے، دبئی میں بھی چار روز تک ٹف ٹرینگ سیشن کئے ہیں، امید ہے ٹیم آج کے میچ میں اچھا پرفارم کریگی۔ پاکستانی قائد بسمہ معروف نے کہا کہ ہوم گراﺅنڈ اور کراﺅڈ کا فائدہ اٹھائینگے، ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چیمپئن کے خلاف کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ارم جاوید، ندا ڈار اور عالیہ ریاض ٹرمپ کارڈ ثابت ہونگیں، پہلے میچ میں ٹاس جیت گئے تو پہلے بیٹنگ کو ترجیح دینگے۔ مہمان ٹیم نے ساﺅتھ اینڈ کلب میں فزیکل ٹریننگ کی اور نیٹ پریکٹس میں حصہ لیا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ یکم فروری اور تیسرا میچ 3 فروری کو کھیلا جائے گا۔ سیریز کے اختتام پر ویسٹ انڈیز 3 فروری کو ہی دبئی روانہ ہوجائے گی جہاں دونوں ممالک کے درمیان3 میچز پر مشتمل ون ڈے انٹر نیشنل سیریز کا انعقاد ہوگا۔

دریں اثنا پہلے میچ میں ہلکی بارش ہونے کا بھی امکان ہے جو ویسٹ انڈیز کے لئے سود مند ثابت ہوسکتا ہے۔ پہلے میچ میں پاکستان ٹیم کی قیادت بسمہ معروف کریں گی۔ دیگر 11 کھلاڑیوں میں ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، ڈیانا بیگ، ارم جاوید، جوریہ خان، نشرا سندھو، نتالیہ پرویز، نداڈار، ثنا مرزا اور سدر امین شامل ہیں۔

میریسا ایگلو لیریا ویسٹ انڈیز کی قیادت کریں گی جبکہ دیگر 12 کھلاڑیوں میں چیڈن نیشن، نتاشامیکلین، انیسہ محمد، رشادا ولیمز ولیمز، شکیرہ سلمان، دیندرہ دوتن، شمیلہ کونیئل، کاسیکا نائٹ، ایفے فلیچر، شنلے ہنری اور شامین کیمبلے شامل ہیں۔