سانحہ ساہیوال، گرفتار اہلکار دورانِ تفتیش گاڑی پر فائرنگ سے مکر گئے

سانحہ ساہیوال، گرفتار اہلکار دورانِ تفتیش گاڑی پر فائرنگ سے مکر گئے
کیپشن: ہمیں کسی نے حکم نہیں دیا صرف جوابی فائرنگ کی تھی، گرفتار اہلکار۔۔۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

لاہور: ذرائع کے مطابق مشترکہ تحقیقاتی ٹیم نے سی ٹی ڈی کے گرفتار اہلکاروں صفدر، رمضان، سیف اللہ اور حسنین سے تفتیش کی۔ جے آئی ٹی نے گرفتار اہلکاروں سے سوال کیا کہ گاڑی پر فائرنگ کس نے کی جس پر سی ٹی ڈی اہلکاروں نے پہلے فائرنگ سے انکار کر دیا۔

سی ٹی ڈی اہلکاروں کے فائرنگ سے انکار پر جے آئی ٹی نے ملزمان سے پوچھا کہ پھر کار میں سوار افراد کیسے ہلاک ہوئے۔ ملزمان نے بتایا کہ موٹرسائیکل سوار ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے۔

ذرائع کے مطابق جے آئی ٹی نے ملزمان سے سوال کیا کہ گولی چلانے کا حکم کس نے دیا تھا اس پر بھی ملزمان نے فائرنگ میں پہل کرنے سے انکار کیا اور کہا کہ ہمیں کسی نے حکم نہیں دیا صرف جوابی فائرنگ کی تھی۔

خیال رہے کہ 19 جنوری کی سہہ پہر سی ٹی ڈی نے ساہیوال کے قریب جی ٹی روڈ پر ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں اس میں سوار 4 افراد جاں بحق اور تین بچے زخمی ہو گئے۔