شاہ محمود کی میر واعظ سے گفتگو، پاکستان کا بھارتی اعتراض مسترد

شاہ محمود کی میر واعظ سے گفتگو، پاکستان کا بھارتی اعتراض مسترد
کیپشن: سعودی ولی عہد کا دورہ انتہائی اہم ہے اور دورہ کی تفصیلات جلد جاری کریں گے، ڈاکٹر فیصل۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان نے وزیر خارجہ شاہ محمود کی میر واعظ عمر فاروق سے ٹیلیفونک گفتگو کے معاملے پر بھارت کے تمام اعتراضات کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے مودی سرکار مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا بھارت کا میر واعظ عمر فاروق کو دہشتگرد کہنا قابل مذمت ہے اور پاکستان بھارتی اعتراضات کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستان نے آج بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کیا۔

انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور بھارت اپنے الیکشن میں ہمیں شریک نہ کرے۔ ظفروال میں سرحد پار کرنیوالے بچے کا معاملہ اٹھایا ہے اور بھارت کے ساتھ اس حوالے سے رابطہ کیا ہے۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا سعودی ولی عہد کا دورہ انتہائی اہم ہے اور دورہ کی تفصیلات جلد جاری کریں گے جبکہ طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاملات ان کے اپنے ہیں۔

انہوں نے کہا امید ہے افغان طالبان اور حکومت مل کر مسائل حل کر لیں گے اور کرتار پور پر پاکستان کی پالیسی واضح ہے جبکہ بھارت کا طرز عمل بچگانہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا بھارت افغان سر زمین سے پاکستان میں دہشتگردی کر رہا ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاستی دہشتگردی کر رہا ہے۔پاکستان میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے متعلق امریکی الزامات کو بھی مسترد کر دیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے ایسے الزامات نقصان کا باعث بنتے ہیں اور افغان سر زمین پر داعش کا بڑھنا خطرہ ہے۔ افغان بارڈر پر داعش کی بڑھتی سرگرمیاں باعث تشویش ہیں۔