پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ ویکسین لانے کیلئے چین روانہ

Pakistan Air Force Special plane leaves for China to bring vaccines
کیپشن: بشکریہ اے پی پی

اسلام آباد: چین سے وبائی مرض کے حفاظتی ٹیکے لینے پاک فضائیہ کا ایک خصوصی طیارہ روانہ کر دیا گیا ہے۔

پاک فضائیہ کے طیارے کی روانگی کے بارے میں اطلاعات نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) دی گئی ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان ایئر فورس (پی اے ایف) کا خصوصی طیارہ آئی ایل 78 کو نور خان ایئر بیس سے روانہ کیا گیا جو وبائی مرض کے حفاظتی ٹیکے لے کر پاکستان پہنچے گا۔

اس سلسلے میں چینی حکومت کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ چینی گورنمنٹ نے پاکستان کو ویکسین دینے کیلئے ایک تقریب منعقد کی ہے جس کے میزبان وزیراعظم لی کی چیانگ ہونگے۔

چینی حکومت پاکستانی فضائی عملے کو وبائی مرض کے سدباب کیلئے بنائے گئے حفاظتی ٹیکے ایسے کنٹینرز میں فراہم کرے گی جس میں انھیں محفوظ رکھا جا سکے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ویکسین کی پاکستان آمد کے بعد اسے انتہائی سرد ماحول فراہم کرنے کیلئے کولڈ سٹوریج میں رکھا جائے گا۔

این سی او سی کے کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان نے دوا کی حفاظت کیلئے تمام انتظامات کو مکمل کر لیا ہے۔ 

خیال رہے کہ چین کی جانب سے پاکستان کو حفاظتی ٹیکوں کی پہلی کھیپ پہنچائی جا رہی ہے، اسے لینے ہی پاک فضائیہ کا خصوصی طیارہ بیجنگ گیا ہے۔ چینی حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ ابتدا میں دواؤں کی جو کھیپ پاکستان کو دے گا، وہ عطیہ ہوگی، پہلی دفعہ میں پاکستان کو 5 لاکھ خوراکیں دی جائیں گی۔