تحریک انصاف کی حمایت، ایم کیو ایم نے معاملہ رابطہ کمیٹی کو سپرد کر دیا

تحریک انصاف کی حمایت، ایم کیو ایم نے معاملہ رابطہ کمیٹی کو سپرد کر دیا
کیپشن: جہانگیر ترین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کراچی پہنچے۔۔۔۔فوٹو/ اسکرین گریب نیو نیوز

کراچی: وفاق میں حکومت سازی کیلئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کی حمایت حاصل کرنے کراچی پہنچے جہاں انہوں نے ایم کیو ایم رہنما سے ملاقات کی تاہم ایم کیو ایم نے حمایت کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ رابطہ کمیٹی کے سپرد کر دیا۔

جہانگیر ترین رات گئے کراچی پہنچے اور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تبدیلی ہمارا نظریہ ہے اور وہ ہم لیکر آئیں گے اب ہمیں پاکستان تبدیل کرنا ہے اور کراچی کو تبدیل کرنا ہے۔

بعدازاں جہانگیر ترین بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے مرکز پہنچے جہاں فاروق ستار، وسیم اختر اور خواجہ اظہار الحسن سمیت دیگر نے ان کا استقبال کیا۔

مزید پڑھیں: بھارتی وزیراعظم کا عمران خان کو ٹیلی فون ، الیکشن جیتنے پر مبارکباد

پی ٹی آئی کے وفد میں جہانگیر ترین کے علاوہ فروس شمیم نقوی اور عمران اسماعیل شامل تھے جنہوں نے ایم کی ایم کی مرکزی قیادت سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد جہانگیر ترین نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

ایم کیو ایم کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عمران خان کہہ چکے ہیں الیکشن پر جس کے بھی تحفظات ہیں انہیں کلیئر کریں گے۔ ہم تمام پارٹیوں کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں جبکہ ہمارے مینڈیٹ کا بھی احترام کیا جائے۔

خالد مقبول نے کہا کہ جہانگیر ترین سے ہونے والی ملاقات میں جو گفتگو ہوئی وہ رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھیں گے اور امید ہے تعاون کی راہیں کھلیں گی۔

انہوں ںے مزید کہا کہ وفاقی ترقیاتی منصوبوں پر رکاوٹوں کو دور کیا جائیگا اور ہمارے درمیان تلخیوں کی جو تاریخ تھی وہ تعاون میں تبدیل ہو سکتی ہے۔ ٹارگٹڈ آپریشن کے بعد ٹارگٹڈ ترقی بھی شروع ہو گی۔

اس موقع پر جہانگیر ترین نے کہا کہ ہم نے ایم کیو ایم کو کسی وزارت کی پیشکش نہیں کی۔ ہم نے بیٹھ کر کراچی اور عوام کے مسائل حل کرنے کی بات کی ہے۔

انہوں ںے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ مثبت مذاکرات ہوئے ہیں اور کراچی کےعوام نے تحریک انصاف اور ایم کیو ایم کو مینڈیٹ دیا ہے۔ آگے بڑھنے کے لیے ضروری ہے اپنا نہ سوچیں عوام کا سوچیں۔

رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ کراچی میں جس طرح سرمایہ کاری ہونی چاہیے تھی وہ نہیں ہوئی۔ تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے کہ کراچی کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیاد پر حل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں پانی، ٹرانسپورٹ، سڑکوں، کچرے کے مسائل حل کریں گے۔ ہم کے پی کے میں ایسا بلدیاتی نظام لائے ہیں جس کو سب مانتے ہیں۔

یہ خبر بھی پڑھیں: چوہدری پرویز الہیٰ کو پنجاب میں اہم ذمہ داری ملنے کا امکان
 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم کو وفاقی حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ ہارس ٹریڈنگ کی سیاست نہیں کریں گے اور وفاق بھرپور طریقے سے کراچی کی ترقی میں شریک ہو گا۔ وفاق کا جو پراجیکٹ رکا ہوا ہے اسے فوری طور پر فنڈز جاری کریں گے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں