طلال چوہدری توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ 2 اگست کو سنایا جائے گا

طلال چوہدری توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ 2 اگست کو سنایا جائے گا
کیپشن: image by facebook

اسلام آباد: سپریم کورٹ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے خلاف توہینِ عدالت کا محفوظ شدہ فیصلہ جمعرات 2 اگست کو سنائے گا ، تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ نے طلال چوہدری کے خلاف 11 جولائی کو توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا، فیصلے کے دن ملزم کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے:کون بنے گا پنجاب کا وزیر اعلیٰ ؟میاں اسلم اقبال بھی دوڑ میں شامل ہو گئے
 
 
ذرائع کا کہنا ہے کہ توہینِ عدالت کیس کا فیصلہ جسٹس گلزار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سنائے گا، سابق وزیرِ مملکت کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی تھی کہ فیصلہ انتخابات کے بعد سنایا جائے۔

خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کو انتخابات سے قبل نہال ہاشمی اور دانیال عزیز کے خلاف آنے والے عدالتی فیصلوں نے سیاسی دھچکا پہنچایا تھا جس سے ن لیگ شدید مشکلات کا شکار ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیئے:الیکشن کمیشن نے سندھ، خیبرپختونخوا میں 2 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کا اعلان کردیا
 
  
طلال چوہدری کی نا اہلی کی صورت میں مسلم لیگ ن کے سر پر ایک اور تلوار لٹکنے لگی ہے، امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ فیصلہ طلال چوہدری کے خلاف آئے گا۔

واضح رہے کہ طلال چوہدری کے خلاف پندرہ مارچ کو سپریم کورٹ نے توہین عدالت کیس میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے چارج شیٹ جاری کر دی تھی۔ لیگی رہنما پر الزام ہے کہ انھوں نے ایک جلسے میں سپریم کورٹ کے خلاف توہین آمیز کلمات کہے تھے۔