محمد عامر کے ویزا مسائل حل، کل ایسیکس کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے

محمد عامر کے ویزا مسائل حل، کل ایسیکس کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے

لندن:محمد عامر کے ویزا مسائل حل ہوگئے، پیسر ٹی 20 بلاسٹ میں کل ایسیکس کی جانب سے ایکشن میں نظر آنے کیلئے تیار ہیں۔


ورلڈکپ کے بعد انگلینڈ میں ہی رک جانے والے محمد عامر ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ میں ایسیکس کی نمائندگی کے خواہاں تھے،ان کا معاہدہ پورے ایونٹ کیلیے تھا، ٹیم کی جانب سے ان کا زبردست استقبال بھی کیا گیا لیکن بعد ازاں اندازہ ہوا کہ پیسر اور کاﺅنٹی ٹیم دونوں ویزے کے معاملے میں غفلت کا مظاہرہ کرگئے ہیں۔

میگا ایونٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کیلئے حاصل کیے جانے والے ویزے پر وہ ٹی 20 بلاسٹ میں شریک نہیں ہوسکتے تھے،انہوں نے انگلینڈ کی وزارت داخلہ سے رجوع کرتے ہوئے درخواست بھی دیدی لیکن کارروائی میں وقت لگ گیا.

ایسیکس نے اپنے اہم باﺅلر کے بغیر ہی 3میچز میں حصہ لیا ،اب گذشتہ روز محمد عامر کو ورک ویزا مل گیا اور وہ کل ہمپشائر کیخلاف میچ میں ایسیکس کی ٹیم کا حصہ ہوں گے۔پیسر نے بھی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر چیمسفورڈ میں اپنی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کام پر واپسی۔