وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب کا سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے ڈیرہ غازی خان، راجن پور، مظفر گڑھ اور میانوالی کے سیلاب متاثرین کیلئے مالی امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کو 8، 8لا کھ روپے مالی امداد دے گی جبکہ گھروں، فصلوں اور مویشیوں کے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرہ افراد کی مالی معاونت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے متاثرہ علاقوں میں سڑکوں کی جلد تعمیر و مرمت کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں میڈیکل کیمپس لگائیں گے اور متاثرین کو وبائی امراض سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جائے جبکہ سانپ کاٹنے اور ہیضہ سے بچاؤ کی ادویات بھی میڈیکل کیمپس میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین میں خشک راشن تقسیم کیا جائے اور ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر، ڈپٹی کمشنرز، آر پی او اور ڈی پی اوز منتخب نمائندوں کے ساتھ مل کر متاثرین کی داد رسی کیلئے کوئی تمام وسائل بروئے کار لائیں جبکہ ریلیف کی تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کر کے باقاعدگی سے رپورٹ پیش کی جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ تمام متعلقہ محکمے مربوط انداز سے ریلیف کی سرگرمیوں کو مزید تیز کریں، سیلاب سے متاثرہ بہن بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور میں خود جلد سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کروں گا۔ 

مصنف کے بارے میں