دودھ کی نئی قیمت 85 روپے فی کلو مقرر

دودھ کی نئی قیمت 85 روپے فی کلو مقرر

کراچی: کمشنر کراچی اعجاز احمد خان کی ہدایت پر دودھ کی قیمت کا جائزہ لینے کے لیے قائم کی جانے والی جائزہ کمیٹی نے کمشنر کراچی کو جمعہ کو ان کے دفتر میں منعقدہ ایک اجلاس میں اپنی رپورٹ پیش کر دی جس کی روشنی میں دودھ کی نئی قیمت 85 روپے فی کلو مقرر کر نے کا فیصلہ کیا گیا.

یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ دودھ کی نئی قیمت یکم اپریل سے نافذہوگی اور کسی کو دودھ میں ملاوٹ کی اجاز ت نہیں ہوگی۔مقررہ قیمت سے زائد قیمت پر دودھ فروخت کر نے والوں کے خلاف انتظامیہ سخت کارروائی کرے گی۔کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر ضلع ملیر کی سربراہی میں دودھ کی قیمت کا جائزہ لینے کے لئے ایک کمیٹی قائم کی تھی جس میں ڈیری فارمرز ایسو سی ایشن، ریٹیلرز ایسو سی ایشن ، صارفین کے نمائندوں اورلائیو اسٹاک اور بیورو آف سپلائی کے افسران شامل تھے ۔

جمعہ کو کمشنر کراچی کی زیر صدارت جائزہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر محمد علی شاہ نے اپنی رپورٹ پیش کی اور بتا یا کہ کمیٹی کے ارکان کی طویل مشاورت کے بعد رپورٹ تیار کی گئی ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر فرحان غنی، جنوبی، ملیر اور غربی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز ڈیری فارمرز ایسو سی ایشن، ریٹیلرز ایسو سی ایشن ، صارفین کے نمائندے اورلائیو اسٹاک اور بیورو آف سپلائی کے افسران بھی مو جو د تھے۔اجلاس نے جائزہ کمیٹی کی رپورٹ کا تفصیلی جائزہ لیا اور نئی قیمت مقرر کر نے کا فیصلہ کیا ۔

فیصلہ کیا گیا کہ نئی قیمت پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گاضلعی انتظامیہ مقررہ قیمت پر دودھ کی فراہمی کو یقنی بنائے گی اور زائد قیمت پر دودھ فروخت کر نے والوں کے خلا ف کارروائی کرے گی۔ کمشنر نے دودھ فروشوںکو تنبیہ کی وہ دودھ میں ملاوٹ سے گریز کریں اور معیاری دودھ فراہم کریں ۔

جو دکاندار دودھ میں ملاوٹ کے مرتکب ہوں گے ان کے خلاف سخت کارروائی ہو گی، ڈیری فارمر اور ریٹیلرز کے نمائندوں نے کمشنر کراچی کو یقین دلایا کہ وہ دودھ انتظامیہ کی مقرر کردہ قیمت پر فروخت کریں گے اور دودھ میں ملاوٹ کی شکایات کو دور کرینگے ۔

نیوویب ڈیسک< News Source