’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،فیصل آباد کا جڑانوالہ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار

’پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے‘ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے،فیصل آباد کا جڑانوالہ روڈ ٹوٹ پھوٹ کا شکار


جڑانوالہ(ندیم میاں نیو نیوز)پنجا ب حکومت کے ’پکیاں سڑکا ں ،سوکھے پینڈے‘ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں اور پاکستان کا انڈسٹریل سٹی فیصل آباد کا کھرڑیانوالہ جڑانوالہ روڈ اس قدر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے جس کو دیکھ کر پتھر کے زمانے کی یاد تازہ ہوجاتی ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث انڈسٹریل ایریا کھرڑیا نوالہ سے جڑانوالہ روڈ جو کہ تقریباً گزشتہ 3 سال سے شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا جبکہ سڑک پر اس قدر بڑے بڑے کھڈے پڑ چکے ہیں کہ گاڑیوں کا گزرنا بھی محال ہوچکا ،حادثات بھی معمول بن چکے ہیں۔ڈاکواندھیرے کا فائدہ اٹھا کر مسافر بسوں کو لوٹ لیتے ہیں۔

اہل علاقہ کاکہنا ہے کہ انتظامیہ اورعوامی نمائندوں کے ترقیاتی کام فائلوں تک محدود ہیں۔اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ سارے پنجاب کا فنڈ لاہور میں لگانے کے بجائے پنجاب کے دورے شہروں پر بھی نظر ڈالی جائے جبکہ لوگوں نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئندہ عام انتخابات میں (ن) لیگ کو ووٹ نہ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ روڈ کی حالت اس قدر ناگفتہ بہ ہوچکی ہے کہ جب بھی بارش ہوتی ہے تو سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگتا ہے اور شہری گندے پانی میں سے گزرنے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ علاقہ پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این اے عاصم نذیر، سابق سپیکر پنجاب اسمبلی افضل ساہی،ایم این اے غلام رسول ساہی،وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا ہے جو کہ انہی علاقو ں میں سے ووٹ لیکر ایوانوں میں براجمان ہیں۔