شرجیل میمن کی میڈیکل رپورٹس میں تضادات، معاملہ سندھ ہائی کورٹ کو ارسال

شرجیل میمن کی میڈیکل رپورٹس میں تضادات، معاملہ سندھ ہائی کورٹ کو ارسال

کراچی: سپریم کورٹ نے سندھ کے سابق وزیر اطلاعات اور پیپلز پارٹی رہنما شرجیل میمن کی میڈیکل رپورٹس سے متعلق معاملہ سندھ ہائیکورٹ کو ارسال کرتے ہوئے ازخود نوٹس کیس نمٹا دیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں خصوصی بینچ نے سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں شرجیل میمن کی جیل سے اسپتال منتقلی پر ازخود نوٹس کیس کی سماعت ہوئی۔


سماعت کے دوران نئے میڈیکل بورڈ نے اپنی رپورٹ پیش کی اور عدالت کو آگاہ کیا کہ شرجیل میمن کی میڈیکل رپورٹس میں تضادات ہیں۔ نئے میڈیکل بورڈ نے آج عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ جب تک خود معائنہ نہ کریں کوئی رائے قائم نہیں کر سکتے جس پر عدالت نے میڈیکل بورڈ کی رپورٹ ریکارڈ میں شامل کر لی۔

مزید پڑھیں:  احمد رضا مانیکا کا تحریک انصاف کو خیر باد کہنے کا فیصلہ

سماعت کے بعد عدالت نے شرجیل میمن کی جیل سے اسپتال منتقلی سے متعلق ازخود نوٹس کیس نمٹاتے ہوئے یہ معاملہ سندھ ہائیکورٹ کو ارسال کر دیا اور حکم جاری کیا کہ شرجیل میمن کی بیماری اور میڈیکل رپورٹس کا فیصلہ سندھ ہائیکورٹ کرے۔ مذکورہ کیس کی 17 مارچ کو ہونے والی گذشتہ سماعت پر چیف جسٹس نے شرجیل میمن کی بیماری سے متعلق رپورٹ مسترد کر کے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دیا تھا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: ملالہ یوسفزئی اپنے آبائی علاقے سوات پہنچ گئیں

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے گذشتہ برس 23 اکتوبر کو شرجیل میمن کو 5 ارب سے زائد کرپشن کے کیس میں سندھ ہائیکورٹ سے ضمانت مسترد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ تاہم بعدازاں شرجیل میمن کی جیل سے اسپتال منتقلی پر چیف جسٹس سپریم کورٹ نے ازخود نوٹس لے لیا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں