نام نہاد جماعتوں نے کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی: بلاول بھٹو

نام نہاد جماعتوں نے کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی: بلاول بھٹو

سانگھڑ: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا جب بھی نواز شریف حکومت میں ہو عوام کو پیاسا رکھا جاتا ہے، ن لیگ کی پالیسی غریب دشمن ہے، نام نہاد جماعتوں نے کبھی عوامی مسائل پر بات نہیں کی۔

سانگھڑ میں میٹھے پانی کے منصوبے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صاف پانی فراہم کرنے کیلئے سندھ میں پیپلزپارٹی نے 1700 پلانٹس لگائے، پانی کو بچانے کیلئے نہروں اور کینال کو پکا کیا اور تھر میں 240 کلومیٹر طویل پانی کی لائن کا افتتاح کیا ہے۔ ارسا سندھ کو پانی کے حق کیلئے ترسا رہا ہے، پورا ملک پانی کی کمی کا شکار ہے، لیکن سندھ سب سے زیادہ متاثر ہے۔ ارسا سندھ کو پانی کا حصہ نہیں دے رہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پارٹی نے بلا سود ضرضے فراہم کیے اور عوام کی خدمت کی۔ ہماری پارٹی نے تعلیم اور صحت کے شعبے میں بہت کام کیا۔ ہم نے تعلیم کے میدان میں کام کیا، نئی یونیورسٹیز بنیں، میڈیکل کالج بنائے۔ چھوٹے شہروں میں یونیورسٹیز کیمپس بنائے۔ کینسر کے علاج کیلئے سائبر نائف کی مشین لگائی، سائبر نائف سے کینسر کے علاج پر 50 لاکھ روپے خرچ آتا ہے۔ غربت کم کرنے کیلئے سندھ حکومت نے غریب خواتین کو کاروبار کیلئے قرضے دیئے۔ عوام خوشحالی، روزگار، روٹی کپڑا اور مکان چاہتے ہیں۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم عوامی سیاست کرتے ہیں، مخالفین نے الزامات، گالی اور کرسی کی سیاست کی۔ عوام کے مسائل کے حل کیلئے مخالف پارٹیوں کے پاس منشور ہے نہ صلاحیت، عوام کے بنیادی مسائل تعلیم صحت روزگار اور صاف پانی ہیں۔ ن لیگ کی ملک دشمن پالیسی کی وجہ سے امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہو رہا ہے۔