ہماری حکومت نے 2013 کے مقابلے میں حالات کو بہتر بنایا:احسن اقبال

ہماری حکومت نے 2013 کے مقابلے میں حالات کو بہتر بنایا:احسن اقبال
کیپشن: federal interior minster ahsan iqbal

لاہور:وفاقی وزیرِ داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاستدان فریادی ہی ہوتا ہے ، ہماری حکومت نے ملکی حالات کو 2013  کے مقابلے میں بہت بہتر کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیاستدان فریادی ہی ہوتا ہے کیونکہ وہ ملک و قوم کی فریاد آگے لے کر جاتا ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2013 سے قبل دنیا پاکستان کو دہشت گردوں کی جنت سمجھتی تھی ، عوام کو 18 سے 20 گھنٹے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا تھا ، توانائی بحران کی وجہ سے خانہ جنگی کا خطرہ تھا ، پاکستان کی شرح نمو 3 فیصد تھی، پھر پاکستانی قوم نے ہمیں حکومت بنانے کا مینڈیٹ دیا، ہم نے توانائی کو سب سے زیادہ اہمیت دی اور سی پیک منصوبہ شروع کیا گیا۔

وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ سی پیک سے پاکستان کا تاثر دنیا میں بہتر ہوگا ، یہ حکومت کے ساتھ نہیں بلکہ عوام کا ایک دوسرے سے تعلق کا منصوبہ اور کاروبار کا کاروبار ہے۔

انھوں نے کہا کہ 2013 میں جب سی پیک کا معاہد ہوا اسی وقت ہم نے اسے کامیاب بنانے کا عزم کر لیا تھا اور اب سی پیک گیم چینجر ثابت ہو رہا ہے ، 46 ارب ڈالر کے ترقیاتی منصوبے مکمل ہورہے ہیں۔

منصوبے کے پہلے مرحلے میں ملک کے انفرااسٹرکچر پر کام کرنا ہے کیوں کہ اس کے بغیر معیشت کی بہتری ممکن نہیں ، اب ملک کے حالات بہتر ہیں اور دنیا بھر سے سرمایہ کار پاکستان آ رہے ہیں۔