ایران اپنی سازشوں سے باز نہ آیا تو خطے میں نئی جنگ ہوسکتی ہے: سعودی ولی عہد

ایران اپنی سازشوں سے باز نہ آیا تو خطے میں نئی جنگ ہوسکتی ہے: سعودی ولی عہد

ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ ایران اگر اپنی سازشوں سے باز نہ آیا تو خطے میں ایک نئی جنگ کا آغاز ہو سکتا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ولی عہد نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر سیاسی اور اقتصادی دباؤ بڑھائے تاکہ خطے کو عسکری محاذ آرائی سے بچایا جاسکے، ورنہ یہ بعید نہیں کہ آئندہ 10 سے 15 سالوں میں ایران کے ساتھ جنگ چھڑ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران خطے کے ممالک میں اثرو رسوخ بڑھا کر اپنا بلاک مضبوط کرنا چاہتا ہے جو خطے کو انارکی کی طرف دھکیل دے گا جب کہ شام میں امریکی فوج کی موجودگی اس ایرانی منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے ناگزیر ہے۔

محمد بن سلمان نے حوثی باغیوں پر یمن کو بحران اور جنگ کی جانب دھکیلنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2015 میں سعودی عرب مداخلت نہ کرتا تو آج یمن حوثی باغیوں اور القاعدہ کے درمیان تقسیم ہوچکا ہوتا۔