مستونگ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید

مستونگ میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار شہید

کوئٹہ: سیکیورٹی فورسز کی بلوچستان کے ضلع مستونگ میں کارروائی، 1 دہشتگرد ہلاک، 2 زخمی۔ دہشتگردوں کی فائرنگ سے ایک سیکیورٹی اہلکار بھی شہید ہوگیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی کے ٹھکانے پر کارروائی کی تو دہشتگردوں نے ان پر فائرنگ کر دی، سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں ایک دہشتگرد ہلاک اور 2 زخمی ہوئے۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان بھی شہید ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے سے اسلحہ و گولہ بارود کی بڑی مقدار برآمد ہوئی۔

سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے شاہراہ الگاد میں بھی کارروائی کی اور بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا۔ برآمد کیے گئے اسلحہ میں سب مشین گن، رائفلز، متعدد پستول، گرینیڈ، راکٹ لانچرز، مارٹرز اور لائٹ مشین گن سمیت مختلف نوعیت کا اسلحہ شامل ہے۔