ملک بھر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 1865 ہو گئی

ملک بھر میں کورونا کے متاثرین کی تعداد 1865 ہو گئی
کیپشن: ملک بھر میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 25 ہو چکی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1865 ہو گئی۔ پنجاب میں 652، سندھ 627، خیبر پختونخوا میں 221 کیس سامنے آ چکے ہیں، بلوچستان میں 153، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد میں 58 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ ملک بھر میں اموات کی تعداد 25 ہوچکی ہے۔

 ملک بھر میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد 652 تک پہنچ گئی ہے، سندھ میں مزید 61 افراد میں وائرس تصدیق ہوئی جس کے بعد مریض بڑھ کر 627 ہوگئے۔ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے مطابق صوبے میں اب تک 41 افراد صحت یاب ہوئے، کراچی میں مزید 45 نئے کیسزسامنے آئے جس کے بعد تعداد 294 ہوگئی ہے۔

 بلوچستان میں بھی کورونا وائرس سے 153 افراد متاثر ہوئے ہیں۔ گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد میں 58 اور آزاد کشمیر میں 6 افراد وائرس کا شکار ہوئے۔ عالمی وبا کو شکست دینے میں اب تک 58 افراد کامیاب ہوچکے ہیں۔

چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد، ڈی آئی خان اور سندھ میں جلد چار لیبارٹریاں فعال ہو جائیں گی، گجرات اور بہاولپور میں بھی کورونا ٹیسٹ شروع ہو جائیں گے۔ معاون خصوصی معید یوسف نے بتایا فلائٹ آپریشن 5 اپریل سے بحال ہونے کی خبروں میں صداقت نہیں۔

ادھر سندھ، پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان سمیت مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن جاری ہے، دکانیں، بازار اور دیگر کاروباری مراکز بند ہیں۔ اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو میں بحریہ ٹاؤن کی جانب سے سپرے کا عمل جاری ہے، مری روڈ سمیت بڑی سڑکوں کی صفائی کا کام بھی کیا جا رہا ہے، ضلعی انتظامیہ اور این ڈی ایم اے بھی بحریہ ٹاؤن کے ساتھ ساتھ ہیں۔