ٹم پین کو گھر میں جم بنانا مہنگا پڑ گیا

ٹم پین کو گھر میں جم بنانا مہنگا پڑ گیا

ہوبارٹ : آسٹریلوی کپتان ٹم پین کو کورونا وائرس کے باعث اپنے گھر کے گیراج کو جم میں تبدیل کرنا مہنگا پڑ گیا اور سڑک پر کھڑی ان کی گاڑی چوروں کے ہتھے چڑھ گئی جو قیمتی سامان اڑا لے گئے۔


تفصیلات کے مطابق ٹم پین نے کورونا کے باعث گھر میں ہی ٹریننگ کی سہولت قائم کی تھی جس کی وجہ سے انہوں نے گھر کے گیراج کو جم بنانے کیلئے کار سڑک پر کھڑی کردی تھی تاہم اس میں چوری ہو گئی اور چور کار میں سے کرکٹر کا پرس اور دوسری اشیاءلے اڑے۔ اس حوالے سے ٹم پین نے کہا کہ جب میں صبح سو کر اٹھا تو بینک کے پیغام سے پتا چلا کہ میرے اکاؤنٹ سے چھیڑ چھاڑ ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بینک کا پیغام موصول ہوتے ہی جب میں نے باہر جا کر دیکھا تو گاڑی کا دروازہ کھلا ہوا تھا اور اس میں میرا پرس بھی نہیں تھا۔ٹم پین نے واضح کیاکورونا وائرس کی موجودہ صورتحال میں گیراج میں فزیکل اور کرکٹ ٹریننگ کرتا ہوں۔

خیال رہے کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے دنیا بھر میں متعدد ممالک میں لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے جس کی وجہ سے لوگ اپنے اپنے گھروں میں ہی محصور ہیں جبکہ متعدد لوگوں نے احتیاطی طور پر خود کو قرنطینہ میں داخل کرلیا ہے۔