آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض پروگرام کی تیسری قسط بھی جاری کر دی

 آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض پروگرام کی تیسری قسط بھی جاری کر دی
کیپشن: آئی ایم ایف نے پاکستان کو قرض پروگرام کی تیسری قسط بھی جاری کر دی
سورس: فائل فوٹو

اسلام آباد: انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستانی معیشت کو سہارا دینے کیلئے 498.7 ملین ڈالر کی تیسری قسط بھی جاری کر دی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے یہ خطیر رقم پاکستان کو قرض پروگرام کی تیسری قسط کے لیے ملی ہے۔ پاکستان نے آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر کا قرض پروگرام لیا ہوا ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف سے اب تک 1.95 ارب ڈالر موصول ہو چکے ہیں۔

704077c8627e91ba19e62a40d7a99804

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایک ٹویٹ کے ذریعے تصدیق کی ہے کہ عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی طرف سے 498.7 ملین ڈالر کی تیسری قسط مل گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سلسلے میں آئی ایم ایف کا 25 مارچ کو ایک اہم اجلاس ہوا تھا جس میں پاکستان کی معاشی اصلاحات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے 50 کروڑ ڈالر قسط کی منظوری دیدی گئی تھی۔

آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ اجلاس کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ بجلی کے ریٹ بڑھانے کا مکمل پلان اور سبسڈی کم کرنے کا مکمل روڈ میپ بھی آئی ایم ایف کے حوالے کیا گیا۔پاکستان کی جانب سے ٹیکس آمدن بڑھانے کے لیے مکمل حکمت عملی بھی آئی ایم ایف کے حوالے کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک(اے ڈی بی) نے  پاکستان کے لیے 30 کروڑ ڈالر قرض کی منظوری دی ہے۔ اعلامیے کے مطابق 46 ارب 12 کروڑ  روپے سے زائد کی امداد سے پاکستان میں ہائیڈرو پاورپلانٹ  کی تعمیر ہو گی جس سے کلین انرجی میں اضافہ ہو گا ۔ منصوبے سے 300 میگاواٹ بجلی حاصل کی جائے گی اور یہ منصوبہ دریائے کنہار پر بنایا جائے گا جو 2027 تک مکمل ہو گا۔

ایشین ڈویلپمنٹ بینک کا کہنا ہے کہ بالاکوٹ ہائیڈرو پاور پلانٹ سے 1200 ملازمتوں کے مواقع میسر آئیں گے اور 40 فیصد ملازمتوں پر مقامی افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔