حماد اظہر کے وزارت سنبھالتے ہی چینی اور گھی سستا

As soon as Hammad Azhar took over the ministry, sugar and ghee became cheaper
کیپشن: فائل فوٹو

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے وزارت کا قلمدان سنبھالتے ہی مہنگائی کم کرنے کیلئے کر کس لی ہے۔ ایک ہی دن میں چینی کی ہول سیل مارکیٹ میں فی من 100 روپے جبکہ گھی کے 16 کلو کنستر میں 50 روپے کی کمی ہوئی ہے۔

حماد اظہر کی جانب سے ملک بھر میں مہنگائی میں کمی کیلئے وزارت خزانہ کے اقدامات میں خصوصی دلچسپی کے باعث ہول سیل مارکیٹ میں چینی کی فی من قیمت جو پہلے 5000 روپے تھی کم ہو کر 4900 روپے ہو گئی ہے جبکہ بناسپتی گھی کے 16 کلوگرام کنستر کی قیمت میں 50 روپے کمی واقع ہوئی ہے۔

دوسری جانب کرنسی مارکیٹ کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق آج انٹربینک میں ڈالر 39 پیسے سستا، 152.70 پیسے کا ہو گیا ہے۔

گزشتہ روز پاکستان میں ڈالر کی قیمت میں اکیس ماہ کے دوران اب کم ترین سطح ریکارڈ کی گئی تھی۔ 30 مارچ کو ڈالر کی انٹربینک میں قیمت 153.3 تھی۔

اس سے ایک روز قبل یعنی 29 مارچ کے روز ڈالر انٹربینک میں 154 روپے کی سطح پر تھا۔ معاشی ماہرین ڈالر کی قیمت میں گراوٹ کو ملکی معیشت کیلئے بہت اچھا قرار دے رہے ہیں۔

معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی قدر میں یہ گراوٹ کرٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور ملکی معیشت میں بہتری کی وجہ سے ہے۔ اس سلسلے میں ماہر معاشیات مزمل اسلم کا نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں کہنا تھا کہ روپے کی قدر بہتر ہونا پاکستان کیلئے بہت ہی خوش آئند بات ہے۔

ڈالر کی قدر میں کمی کی بڑی وجہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی جانب سے قرض پروگرام کی بحالی ہے جس کی وجہ سے پاکستان کو پچاس کروڑ ڈالرز کی رقم مہیا کی جائے گی۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈالر کی قدر میں کمی اور روپیہ مضبوط ہونے کا ہمارے معاشی نظام کو فائدہ ہوگا جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے مزید ڈالرز ملنے سے بھی ہماری کرنسی مضبوط ہوگی۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ نے کافی عرصے کے بعد پاکستان کیلئے قرض بحالی پروگرام شروع کرنے کا اعلان کیا تھا، اس ضمن میں آئی ایم ایف حکام کی جانب سے پاکستان کیلئے 500 ملین ڈالر کی خطیر رقم جاری کی جائے گی۔

ادھر سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ 5 ماہ کے دوران پاکستانی زرمبادلہ کے ذخائر 80 کروڑ ڈالرز تک بڑھے ہیں۔ اس وقت مرکزی بینک کے پاس موجود ذخائر تیرہ ارب، ایک کروڑ، ساٹھ لاکھ ڈالرز ہو گئے ہیں۔