ن لیگ اور جے یو آئی ف کا پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ 

PMIK, Imran Khan, PTI, Pakistan Politics, Marryam Nawaz, PMLN, Bilawal Bhutto, Latest News, PDM, Zardari

لاہور :مسلم لیگ ن اور جے یو آئی (ف)نے مل کر پیپلزپارٹی کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کر لیا ،حکومت کا دھڑن تختہ کرتے کرتے پی ڈی ایم میں شامل تینوں بڑی جماعتوں میں اختلافات اُس وقت کھل کر سامنے آگئے جب سینٹ میں قائد حزب اختلاف پیپلزپارٹی کی طرف سے منتخب ہونےپر مسلم لیگ ن آگ بگولہ ہوگئی ،مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما شاہد خاقان عباسی اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سیکرٹری جنرل عبد الغفور حیدری نے ملاقات میں  سینیٹ میں قائد حزب اختلاف منتخب ہونے کے بعد کی صورتحال پرمشاورت کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اورجے یو آئی کے سیکرٹری جنرل عبد الغفور حیدر ی نے ملاقات کے دوران کہا کہ پی ڈی ایم میںشامل تمام جماعتوں کو پیپلزپارٹی کے رویے سے مایوسی ہوئی ، اس دوران شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سینٹ میں قائد حزب اختلاف سے متعلق پی ڈی ایم کی دیگرجماعتوں سے بھی جلد مشاورت کریں گے۔

مولانا عبدالغفور حیدری کا کہنا تھا کہ سینٹ میں قائد حزب اختلاف معاملے پر پیپلزپارٹی نے باپ سے حمایت مانگ کرسب کو مایوس کیا ہے ،ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں میں اتفاق کیا گیا کہ پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کو اپنا قائد حزب اختلاف لانے کے لیے حکمت عملی طے کرنی ہوگی جس کے لیے سربراہی اجلاس بلا کر آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی ۔
 
پاکستان پیپلزپارٹی نے جس طریقے سے اپنے پتے کھیلے اور پارلیمنٹ کے ایوان بالا میں قائد حزب اختلاف کا عہدہ حاصل کیا، اس کی وجہ سے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی حالت  نازک ہو چکی ہےاور بظاہر لگ یہی رہا ہے کہ پی ڈی ایم اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے،زرداری نے موقع دیکھتے ہوئے ایسی چال چلی ہے کہ پی ڈی ایم کی بساط ہی الٹ کر رکھ دی ہے ،کیونکہ وہ لانگ مارچ اور اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے کو اکٹھے لے کر چلنے کے حق میں نہیں تھے۔