پٹرول اور ڈیز ل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا گیا 

Petrol Price Pakistan

اسلام آباد :وفاقی وزیر خزانہ حماد اظہر نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا,حماد اظہر کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمت ڈیڑھ روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت تین روپے فی لیٹر کم کی جائے گی۔

 

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ بڑے فیصلے کیے بغیر حکومتیں اور قومیں آگے نہیں جاتیں، ہر وقت پاپولر فیصلہ کرنا درست ثابت نہیں ہوتا، بعض اوقات مشکل فیصلے بھی کرنے پڑتے ہیں,انہوں نے بتایا کہ ہماری کرنسی آج اپنے پاؤں پر کھڑی ہے، ہماری کرنسی اپنے زور پر کھڑی ہے، ایسا نہیں ہے کہ ہم اس میں ڈالرز جھونک رہے ہیں۔

 

حماد اظہر کا کہنا تھا کہ بھارت سے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کی منظوری دی گئی ہے,بھارت سے چینی اور کپاس درآمد کرنے کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے وزیر خزانہ کا کہنا تھا چینی کی قیمت پاکستان سے کم ہونے پر بھارت سے چینی درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ بھارت میں باقی دنیا کے مقابلے  میں چینی کی قیمت کافی کم ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کپاس کی طلب بہت زیادہ ہے اس لیے بھارت سے کپاس درآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بڑی معیشتوں کے لیے تو کوئی مسئلہ نہیں ہوتا اور وہ زیادہ داموں پر بھی کپاس منگوا لیتی ہے اور پاکستان بھی ہر سال دنیا سے لاکھوں ٹن کپاس منگواتا ہے لیکن اس بار  بھارت سے کپاس برآمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کی وجہ وہاں قیمت کا کم ہونا ہے، جون کے آخر میں بھارت سے کپاس کی درآمد شروع ہو جائے گی۔